ساہیوال ( بیوروچیف) ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے پولیس انٹرن شپ پروگرام (فرینڈز آف پولیس) کے بیچ نمبر27 میں شرکت کرنیوالے طلبا و طالبات سے ملاقات کی اور پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈی پی او ساہیوا ل نے نوجوا نوں کے جذبے، دلچسپی اور پولیسنگ کے شعبے میں آگاہی حاصل کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوان نسل اور پولیس کے درمیان اعتماد، تعاون اور مثبت روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے کہا کہ ساہیوال پولیس نوجوانوں کو جدید پولیسنگ، عوامی خدمت اور قانون کی عملداری سے متعلق عملی آگاہی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ حاصل کی گئی معلومات کو معاشرے میں شعور اجاگر کرنے اور قانون کی پاسداری کے فروغ کے لیے استعمال کریں۔ پروگرام کے دوران طلبا و طالبات کو بیسک پولیس ورک، سیف سٹی پراجیکٹ، پولیس خدمت مرکز، تحفظ مرکز، میثاق سنٹر اور ٹریفک بلاک میں شہریو ں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ شرکا کو تھانہ جات میں ہونے والے پولیس ورک، تفتیشی امور اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ انہیں مختلف تھانہ جات کا وزٹ کروایا گیا تاکہ وہ پولیس کے عملی امور کو قریب سے دیکھ سکیں۔مزید برآں شرکا کو ڈی پی او آفس کی مختلف برانچز کے فرائض، انتظامی امور اور جدید پولیسنگ سسٹم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔




