لاہور(بیورو چیف) پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مثر بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 152انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 11 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 160جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 77ہزار 501کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے جن کے دوران 23 لاکھ 41ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 10ہزار 771جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کومبنگ آپریشنز کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے قبضہ سے 58 کلاشنکوف، 213رائفلز، 1,999پسٹلز،152 بندوقیں، 44ریوالور اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ کومبنگ آپریشنز کے دوران 3,900 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 3,890مقدمات درج کیے گئے۔




