لاہور (بیوروچیف) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں مہنگائی کی مجموعی صورتحال میں کوئی خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آ رہی، آٹا، گھی، تیل، دالیں اور چاول بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں، جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔20کلو آٹے کا تھیلا 2200روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت 605 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے،اسی طرح چاول 310روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہیں، جس نے شہریوں کی قوتِ خرید کو مزید متاثر کیا ہے۔گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ برقرار ہے مٹن 1600روپے فی کلو اور بیف 800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب روٹی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں 14روپے والی روٹی تندوروں پر 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔دودھ کی قیمت 170روپے کے بجائے 240روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دہی بھی سرکاری نرخوں سے زائد، 260روپے فی کلو میں دستیاب ہے، سبزیاں اور ترکاریاں بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت نہیں ہو رہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی آ سکے۔




