پیتل پر کندہ قرآن مجید کے نایاب نسخے کی نمائش

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مکرمہ میں حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا قرآن میوزیم نمائش دیکھنے کے لیے آنے والوں کو ایک بہترین ثقافتی اور تعلیمی تجربہ پیش کرتا ہے اور زائرین کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ قرآنِ کریم کی تاریخ کے بارے میں اچھی طرح معلومات حاصل کر سکیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قرآن میوزیم میں زائرین کے لیے کتاب اللہ کے نایاب نسخے بھی رکھے گئے ہیں اور ایسے نودارات بھی جن میں مختلف ادوار میں قرآنِ کریم کے تراجم کے سفر کا دستاویزی اندارج موجود ہے۔اِس مشکل کام سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ تاریخ کے افق پر اسلام کی روشنی کی پہلی کرن پھوٹنے سے لے کر اب تک، مسلمان، اللہ تعالی کی آخری کتاب کو کتنا عزیز رکھتے ہیں اور اِس کی کتنی حفاظت کرتے ہیں۔حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن میوزیم میں نمائشِ عام کے لیے رکھا گیا قرآن حکیم کا وہ نسخہ بھی ہے جس میں پیتل کی تختیوں پر آیاتِ ربانی کو کندہ کیا گیا تھا۔اٹھارویں صدی عیسوی میں مکمل ہونے والا یہ عمل، انتہائی دقت طلبی سے تیار کیے گئے فن پاروں کے ذریعے یہ خبر بھی دیتا ہے کہ اس زمانے میں اسلامی فن اپنے کمال پر تھا۔اِس کام کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ قرآن ِ پاک کی سطور کو ایک سے دوسری شکل میں ڈھالنے کو خصوصی اہمیت دی جاتی رہی ہے، جس کی وجہ سے علمی درستی اور فنی تشکیل کا حسن، ایک بے مثال اِمتزاج کی صورت میں لوگوں کے سامنے آتا رہتا ہے۔حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں جاری نمائش میں رکھا گیا یہ فن پارہ، اسلامی خطاطی اور فنی تزئین و آرائش کی تجسیم کی گہری روایت کا تسلسل ہے، جس میں طرح طرح کے مواد کو استعمال میں لایا جاتا رہا ہے جن میں کھالوں سے بنائے گئے پارچے، کاغذ اور دھاتیں بھی زیرِ استعمال رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں