ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہیلی کاپٹر کو یوکرین کی جانب سے ایک بڑے ڈرون حملے کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ 20مئی کو کرسک ریجن کے دورے پر تھے، تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا۔روس کے فضائی دفاعی ڈویژن کے کمانڈر یوری داشکن نے بتایا کہ جب یوکرین کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا تو صدر ولادیمیر پیوٹن کا ہیلی کاپٹر قریبا حملے کے مرکز میں تھا، روسی صدر کے ہیلی کاپٹر نے فضائی دفاعی لڑائی میں حصے لیتے ہوئے یوکرین کے ڈرونز مار گرائے۔صدر پیوٹن کا ہیلی کاپٹر جونہی کرسک ریجن کی فضا میں داخل ہوا تو یوکرین کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ صرف صدارتی ہیلی کاپٹر کی محفوظ پرواز کو یقینی بنایا بلکہ فضائی دفاع کی لڑائی بھی لڑی، اور روس نے تمام یوکرینی ڈرونز کو تباہ کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے 20مئی کو کرسک کا دورہ کیا تھا، جہاں ان کی مقامی رضاکاروں، میونسپل حکام اور عبوری گورنر سے ملاقات ہوئی تھی۔




