فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ہم بلدیاتی انتخابات سے قبل یوسی لیول پر تنظیم سازی کے کام کو مکمل کر لیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ بلدیاتی ایکٹ سے مطمئن نہیں ہے، اسکے باوجود ہم بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے ۔ فیصل آبا د میں جلد ہی بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدوارو ں کے انتخاب کے کام کو مکمل کر لیا جائیگا ۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سٹی فیصل آباد کے صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے حلقہ پی پی 117 (سی سی 125) میں دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی ٹکٹ ہولڈر چوہدری عباس گجر ‘ خادم حسین چوہدری’ میاں انتظار حسین’ یونٹ صدر ملک حق نواز اور رانا خالد بھی اس افتتاحی تقریب میں موجود تھے ۔ سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے مزید کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو کامیابی سے ہم کنار کروانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔ انشا اللہ تعالیٰ ہم بہترین نتائج بھی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی فیصل آباد پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ تھا اور متوقع بلدیاتی انتخابات میں ہم اس بات کو ثابت کردیں گے کہ یہ آج بھی پارٹی کا مضبوط قلعہ ہی ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں صرف بھٹو ازم کے مکمل نفاذ سے ہی پیدا کی جا سکتی ہیں اور ہم نے بھٹو ازم کے مکمل نفاذ کا مصمم ارادہ کر رکھا ہے ۔




