اسلام آباد (عظیم صدیقی) پیپلزپارٹی نے تخت نہیں تختہ کا فیصلہ کر لیا، طاقتوروں کو پیغام دے دیا کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس قبول نہیں’ صدر مملکت آصف علی زرداری کے لندن قیام کا دورانیہ بڑھائے جانیکا امکان ہے’ نئے صوبوں کیلئے آئینی قدغن متعلقہ اسمبلیوں سے دوتہائی اکثریت منظور کرانے والی شق ختم کرانے کیلئے کوششیں شروع’ پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمان اور تحریک انصاف سے بالواسطہ رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو کی ہدایت پر پارٹی کا واضح پیغام دیا کہ نئے صوبوں کیلئے دو تہائی اکثریت کے بغیر فیصلے قبول نہیں کرینگے۔ پارٹی نے گزشتہ ماہ زرداری ہائوس اسلام آباد میں سینٹرل کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ اب ہم ہاں میں ہاں نہیں ملائینگے۔ پیپلزپارٹی نے زرداری بلاول تفصیلی بیرون ملک مشاورت کے بعد فیصلہ کر لیا ہے کہ ہم نے اقتدار نہیں سیاست بچانی ہے۔ بھٹو کی شہادت کے بعد بی بی کی شہادت سے اگر پارٹی ختم نہیں ہو سکی تو اس وقت ہم اگر مزاحمت کریں تو پارٹی کو نئی زندگی مل سکتی ہے اس کے بعد اب پیپلزپارٹی پہلے وفاق اور پھر سندھ میں اقتدار قربان کر سکتی ہے، صدر مملکت لندن میں ہیں۔




