کمالیہ(نامہ نگار)رجانہ پریس کلب کے وفد کا ایم پی اے آزاد علی تبسم کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ رجانہ پریس کلب رجسٹرڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے وفد نے ممبر پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا ۔ دورے کا مقصد صوبائی اسمبلی کے پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل، ایوان کی کارروائی اور ارکان اسمبلی کے آئینی و جمہوری کردار سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔وفد میں رجانہ پریس کلب رجسٹرڈ کے صدر رانا غلام سرور بابر، چیئرمین محمد ذوالفقار جانثار، نائب صدر منور حسین بھٹی، سیکرٹری اطلاعات محمد آصف ندیم اور جوائنٹ سیکرٹری رانا عمر حیات شامل تھے ۔اس موقع پر ایم پی اے آزاد علی تبسم نے وفد کو پنجاب اسمبلی کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور قانون سازی کے مراحل، ایوان کی کارروائی اور پارلیمانی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کے ارکان نے سوال و جواب کے سیشن، قراردادوں، قانون سازی اور قائمہ کمیٹیوں کے کردار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔وفد کے ارکان نے پنجاب اسمبلی کی تاریخی، آئینی اور جمہوری اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے پارلیمانی اداروں کے مطالعاتی دورے نہایت اہم ہیں، کیونکہ اس سے صحافیوں کے معلوماتی دائرہ کار میں وسعت آتی ہے اور عوام تک قانون سازی و اسمبلی کی کارروائی کی بہتر انداز میں آگاہی پہنچانے میں مدد ملتی ہے ۔رجانہ پریس کلب کے صدر رانا غلام سرور بابر نے ایم پی اے آزاد علی تبسم کا وفد کو پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کروانے اور پارلیمانی امور سے آگاہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری آئین، قانون، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کی مثر ترجمانی کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔




