فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر چوہدری میمو ن حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری احمد گھمن اور دیگر کارکنوں پر مبینہ پولیس تشدد اور بعد ازاں گرفتاری نہایت افسوسنا ک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کے پرامن کارکنوں کو جلسے میں شرکت یا اپنی سیاسی سرگرمیوں کی بنیاد پر طاقت کے استعمال، تشدد یا گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑے تو یہ جمہوری روایات، سیاسی آزاد یو ں اور آئینی حقوق کے حوالے سے سنگین تشویش پیدا کرتا ہے۔چوہدر ی میمون حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کو اس واقعے کی وضاحت کرنی چاہیے۔ اور یہ واضح کرنا چاہیے کہ اگر کارکن پرامن تھے تو ان کے خلاف طاقت کے استعمال کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، اور اگر کسی اہلکار نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔




