اسلام آباد (بیوروچیف)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے جاری فیلڈ مانیٹرنگ کی سرگرمیوں کے تحت 22 سے 28 اکتوبر 2026 کے دوران 184 موبائل سائٹس کا معائنہ کیا، اس طرح اب تک معائنہ کی گئی سائٹس کی مجموعی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔یہ معائنے ننکانہ صاحب، رحیم یار خان، کوئٹہ، راولپنڈی، اسلام آباد، سوات، میرپور، کوٹلی، گلگت، تورغر، کراچی کے جنوبی علاقوں، شہید بینظیر آباد اور عارف والا کے دیہی علاقوں میں کئے گئے۔اس دوران ضلعی انتظامیہ، منتخب عوامی نمائندوں، مقامی متعلقہ فریقین اور ٹیلی کام آپریٹروں کے ساتھ رابطے اور تعاون کے ذریعے ٹیلی کام سروسز سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور ان کے بروقت ازالے کے لئے اقدامات کئے گئے۔معائنوں کے دوران بجلی کی فراہمی، متبادل پاور بیک اپ کے انتظامات، ٹیلی کام آلات کی کمی، بیٹریوں اور جنریٹرز کی خرابیوں، فائبر آپٹک کیبلز کے تحفظ اور دیگر انتظامی و بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کا جائزہ لیا گیا۔پی ٹی اے متعلقہ اداروں اور ٹیلی کام آپریٹروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مثر فیلڈ نگرانی کے ذریعے سامنے آنے والے مسائل کے حل کے لئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک بھر میں عوام کو معیاری، مثر اور قابلِ اعتماد ٹیلی کام سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔




