فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور مقیم بے سہارا بچوں سے ملاقات کی ۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی ، ڈسٹرکٹ آفیسر روبینہ اقبال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر نے مقیم بچوں کے ہمراہ کیک کاٹا،ان میں تحائف تقسیم کئے اور ان کی مختلف انڈور کھیلوں میں شرکت کو سراہا۔انہوں نے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ کی طرف سے بے سہارا بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ تفریح کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ میں جلد سولر سسٹم انسٹال کرایا جائے گااس ضمن میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد آن بورڈ ہیں۔کمشنر نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن کے اندر اور باہر روڈ پر مستقل بنیادوں پر صفائی کا معیار برقرار رکھنے کے لئے ستھرا پنجاب ایجنسی کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔انہوں نے بچوں سے گفتگو کرکے ان کی تعلیم،کھانے اور کھیلوں کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ بچوں کو سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح ہے۔




