راولپنڈی (سپورٹس نیوز)پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے تیز ترین گیند کا اپنا ریکارڈ توڑنے کیلئے ایک فاسٹ بولر تسکین احمد کی حمایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اخترنے انگلینڈ کے خلاف 2003 کے ورلڈ کپ کے دوران 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ترین گیند کرکے یہ ریکارڈ بنایا تھا۔50 سالہ فاسٹ بولر بنگلادیش میں بی پی ایل میں ڈھاکا کیپٹلز کے ساتھ بطور مینٹور خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے کبھی بی پی ایل کا حصہ نہیں رہا، آخر میں مجھے یہاں آنے اور اس کا حصہ بننے کا موقع ملا ہے، میں نے جو کچھ سیکھا ہے اسے منتقل کرنا چاہتا ہوں، خاص طور پر فاسٹ بولنگ کے گر سکھانا چاہتا ہوں۔ شعیب اختر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تسکین احمد میری تیز رفتار گیند کا ریکارڈ توڑے، انہوں نے ناہید رانا کی بھی تعریف کی جو بنگلادیش کے فاسٹ بولر ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے تسکین ایک بہترین تربیتی سیشن کے ساتھ چل رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت آگے جائیں گے۔واضح رہے کہ بی پی ایل کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز 26 دسمبر کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سلہٹ ٹائٹنز اور راجشاہی واریئرز کے میچ سے ہوگا۔یاد رہے کہ تسکین احمد ڈھاکا کیپٹلز کی نمائندگی کریں گے جس میں انہیں شعیب اختر سے سیکھنے کا بھی موقع ملے گا۔




