چھوٹی ڈی گراؤنڈ سڑک کی ناقص میٹریل سے تعمیر،اہل علاقہ کا ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے افسران کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار کی جانب سے پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ میں نئی تعمیر ہونے والی منج روڈ میں ناقص میٹریل کا استعمال’ تعمیر کے چند روز بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ اہل علاقہ کا کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو درخواست گزارتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار اصغر علی بٹ کو بلیک لسٹ کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ کے رہائشیوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار اصغر علی بٹ نے میونسپل کارپوریشن سے پیپلزکالونی نمبر1 چھوٹی ڈی گرائونڈ منج روڈ کی تعمیر کا 44لاکھ میں ٹھیکہ حاصل کیا اور انتہائی ناقص میٹریل سے روڈ کی تعمیر کی، جو کہ تعمیر کے چند روز بعد ہی جگہ جگہ سے اکھڑ گئی۔ یہ کہ سڑک پر پہلے پتھر ڈال کر خاکہ ڈالا گیا لیکن سڑک کو بذریعہ رولر مکمل دبایا نہ گیا۔ بعدازاں خاکہ صاف کر کے سات’ آٹھ روز چھوڑے رکھا، اس دوران گٹروں کا گندا پانی ابل کر سڑک پر بہتا رہا جسکے باعث سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے اور سڑک پر ٹارنگ کرنے سے ایک روز قبل بارش ہو گئی اور سڑک کو خشک نہ ہونے دیا گیا اور روڈ کو کارپٹ کرنا شروع کر دیا، سڑک کی تعمیر کے دوران کئی جگہوں پر ڈمپر پھنس گیا اور گڑھے پڑ گئے، جنہیں بعد میں پُر کیا گیا اور ہاتھ سے پیچ لگائے، جس پر اہل علاقہ نے کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص میٹریل سے تعمیر ہونے والی منج روڈ کی انکوائری کر کے نااہل’ کرپٹ ٹھیکیدار اصغر علی بٹ کو بلیک لسٹ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں