چیف سیکرٹری پنجاب کا سرگودھا میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ

سرگودھا (بیورو چیف) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سرگودھا کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، آر پی او شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنرز سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ڈپٹی کمشنر خوشاب اور بھکر سمیت ایم ڈی واسا، ایم ڈی ستھرا پنجاب اٹھارٹی، ایس ایز ہائی ویز، بلڈنگز، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کی رفتار حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے ضلع میں جاری ترقیاتی پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام ، سٹی ڈویلپمنٹ پیکج، لوکل گورنمنٹ سکیموں اور روڈ و نان روڈ منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ مزید برآں آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ سرگودھا سٹی پیکج کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ ایم ڈی واسا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سرگودھا شہر کے سیوریج مسائل کے حل کے لیے جاری میگا پراجیکٹ پر بریفنگ دی اور بتایا کہ فیز ون اور فیز ٹو پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں