چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کے مسائل حل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے،صدر فاروق یوسف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کے مسائل کے حل کا بہترین پلیٹ فارم ہے’ جو تاجر ابھی تک چیمبر کے ممبر نہیں بنے وہ پہلی فرصت میں چیمبر کے ممبر بنیں تاکہ آپ کی طاقت میں اضافہ ہو’ ان خیالات کا اظہارFCCI کے صدر فاروق یوسف شیخ’ نا ئب صدر انجینئر عاصم منیر نے ہول سیل کلاتھ سیکٹر اور انجمن تاجران ریلوے روڈ کے مشترکہ اجلاس کے شرکاء سے کیا’ اس موقع پر انجمن تاجران ریلوے روڈ کے کنوینر آفتاب بٹ اور ہول سیل کلاتھ سیکٹر کے کنوینر شیخ محمد فیصل کے علاوہ تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی’ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ہمارے نوٹس میں لائیں’ انشاء اللہ متعلقہ محکموں کے افسران سے مل کر ان مسائل پر قابو پائیں گے’ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی تقریبات میں شرکت کیا کریں’ انہوں نے چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں سے کہا کہ آپ محنت کریں اور خود کو ان کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخاب کا اہل ثابت کریں’ انہوں نے کہا کہ جو چیئرمین اپنے کام میں کوتاہی کرے گا اسے تبدیل کر دیا جائے گا’ اس سے قبل انجمن تاجران ریلوے روڈ کے کنوینر آفتاب بٹ اور ہول سیل کلاتھ سیکٹر کے کنوینر شیخ محمد فیصل نے سپاسنامے میں کہا کہ شہر بھر کے تاجر مسائل کی دلدل میں پھنس چکے’ آٹھ بازاروں میں لگے بیریئر سے کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے’بیوٹی فکیشن کی آڑ میں تاجروں کو سخت تشویش ہے’ موٹرسائیکل کا دوہزار کا چالان ظلم اور زیادتی ہے’ کریانہ کے سرکاری نرخنامے کے مطابق سیل کرنا ہمارے لئے ناممکن ہے’ اس کے علاوہ آج کل پیرا فورس نے تاجروں کو سخت مشکل میں ڈال رکھا ہے’ یہ لوگ حراسمنٹ پھیلاتے ہیں کسی کی نہیں سنتے’ دکانوں کو سیل کرتے ہیں اور جرمانے کرتے ہیں’ ہمارے چیمبر کے صدر سے اپیل ہے کہ ان اداروں کے سربراہان سے ہماری ملاقات کا انتظام کریں تاکہ ہم انہیں اپنے مسائل بتا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں