چین،نیپال اور بھارت میں زلزلہ،درجنوں افراد ہلاک وزخمی

تبت (مانیٹرنگ ڈیسک) تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں گر گئیں جبکہ درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آج صبح چین کے علاقے تبت، نیپال، بھارت کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا۔چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورکس سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز ٹنگری کاونٹی تھا، جبکہ گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے باعث کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن میں سب سے بڑا 4.4 شدت کا تھا۔زلزلے کے جھٹکے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو، بھوٹان اور بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔چینی نیوز ایجنسی کے مطابق تبت کی ٹنگری کاونٹی کے گاوں میں گھروں کے گرنے سے شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی۔بھارتی مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سیکنڈ تک عمارتیں لرزتی رہیں۔بھارت سے زلزلے کے بعث تاحال کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق تبت میں زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں