ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹا ک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے اڈہ جامعہ آباد محمدی شریف اور اڈہ پٹھان کوٹ بھوانہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور جاری امدادی سرگرمیوں، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں اور مویشیوں کو فراہم کی جانے والی ویٹرنری سہولیا ت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈ یشنل ڈائریکٹرچنیوٹ ڈا کٹر عطا سبحانی، ڈاکٹر سلمان شبیر بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر بھوانہ اور ڈاکٹر محمد واجد ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک چنیوٹ بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر لائیوسٹا ک نے فلڈ ریلیف کیمپس میں ویٹرنری عملے کی دستیابی، ادویات، حفاظتی ٹیکہ جات، ہنگامی ویٹرنری سروسز اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے مویشیوں کے محفوظ انخلا اور تحفظ کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے انچارج افسران سے بھی موجودہ سیلابی صورتحال، دستیاب وسائل، ہنگامی اقدامات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے انسانوں اور جانوروں کے محفوظ اور بروقت انخلا کے لئے کئے گئے مشترکہ انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ سیلابی صورتحال کے دوران تمام متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطہ، باہمی تعاون، چوبیس گھنٹے تیاری اور فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔انہوں نے دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک بھوانہ، چنیوٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے محکمانہ سرگرمیوں، فلڈ ایمرجنسی کی تیاریوں اور فیلڈ آپریشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مویشی پال کسانوں کو بلا تعطل ویٹرنری سہولیات اور بروقت امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں