ڈاکٹر بنیامین چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد تعینات

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)ڈاکٹر رانا بنیامین چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد تعینات،تفصیلات کے مطابق حکو مت پنجاب نے اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا بنیامین کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE)فیصل آباد کا نیا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر رانا بنیامین، جو محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر، ملتان میں بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر (گریڈ 20) خدمات انجام دے رہے تھے،ان کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر 18ماہ کے لیے چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تعیناتی یکم جولائی 2026سے 31دسمبر 2027تک موثر ہوگی اور یہ تقرری ڈیپوٹیشن پالیسی 1998کے تحت مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق کی گئی ہے۔ان سے پہلے چیئر پرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں خدمات سر انجام دے رہی تھی۔ پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے چیئرمین رانا شاہد مقرب، چوہدری ندیم سندھو، محمد اسلم بٹ، سید ابرار حسین شاہ، میاں ندیم شہزاد،حاجی جاوید اقبال،جاوید عطاری،چوہدری گلزار،رانا خلیل احمد،ملک طارق،شیخ غلام سرور،چوہدری یوسف،زاہد وقاص و دیگر نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر رانا بنیامین کی تعیناتی سے فیصل آباد بورڈ کے انتظامی امور، امتحانی نظام اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں