فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ڈاکٹر ریاض مجید نے اپنی شاعری اور تحقیقی کام سے گزشتہ چھ عشروں کے اہل قلم کو متاثر کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے ادبی ادارہ ترتیب کے زیراہتمام میلادالنبیۖ کی مناسبت سے تیتیسو یں سالانہ نعتیہ مشاعرہ وعشائیہ میں کیا۔ لائل پور پکچر گیلری کے تعاون سے منعقدہ یہ نعتیہ مشاعرہ وعشائیہ عالمی شہرت کے حامل شاعر ادیب، محقق اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید کی ستارہ امتیاز کے لیے نامزدگی پر ان کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا۔ مقررین میںسپریم انجمن تاجران کے صدرحاجی شیخ محمد اسلم بھلی، سینئر صحافی مقبول احمد لودھی، حمید شاکر، میاں بشیر احمد اعجاز، ڈاکٹر شبیر احمد قادری، ڈاکٹر جانباز احمد مخفی، کوثر علی، پرفیسر ریاض احمد قادری، پروفیسرخواجہ حامد رضا، شہزاد بیگ اور طارق محمود خان کائناتی سمیت دیگر شامل تھے۔ مقررین نے ڈاکٹر ریاض مجید کی علمی و ادبی اور تدریسی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیس کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں کوئی نہ کوئی ایسی شخصیت ہوتی ہے جو نہ صرف اپنے بعد کی جنریشن کے لیے روایت ساز کا کردار ادا کرتی ہے بلکہ اپنے علم و ادب اور فن سے اپنے سینئرزکوبھی ضرور متاثر کرتی ہے۔انہوں نے غزل، نظم اور تنقید و تحقیق کے ساتھ ساتھ نعت کی تخلیق اور فروغ میں جو کردار ادا کیا ہے وہ انہیں نہ صرف ملکی سطح پرفیصل آباد شہر کی پہچان کا درجہ دیتا ہے بلکہ ایک ہمہ گیر حوالہ بھی بناتا ہے۔تقریب میں نظامت کے فرائض خادم نعت پروفیسر ریاض احمد قادری نے ادا کیے ۔صدر تقریب و مشاعرہ پروفیسرڈاکٹر ریاض مجید تھے۔ آخر میںشرکاء کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔




