فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈو یلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے علاوہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،ایم ڈی واسا ثاقب رضا اور ہائی ویز کے افسران موجود تھے۔ڈی ڈی ڈبلیو پی نے38کروڑ روپے کی لاگت سے فیصل آباد شہر میں ڈرینج سسٹم کی اپ گریڈیشن،33کروڑ روپے کے فنڈز سے شاداب کالونی،محمد پورہ،بدر کالونی، دارالحسان ٹائون،تلیاں والا،جھنگ روڈ اور نڑ والا روڈ کی دیگر آبادیوں میں سیوریج سسٹم کی بحالی اور40کروڑ روپے کی لاگت سے رسالہ والا روڈ سے ڈجکوٹ سیپج ڈرین تک سلج کیریئر کی تعمیر ومرمت کی منظوری دی۔عوامی بہبودکے تینوں اہم پراجیکٹس بالترتیب31 مارچ2027،31 دسمبر2026 اور 30 جون2027 تک مکمل کئے جائینگے۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے سیوریج سے متعلقہ دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔




