فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد عشرہ محرم الحرام کے دوران انتظامی وحفاظتی اقدامات کو فول پروف اور چوکس بنانے کے لئے مسلسل سرگرم عمل ہے۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔آرپی او سہیل اختر سکھیرا،بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین،ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔کمشنر نے چاروں اضلاع میں جلوسوں ومجالس کے انتظامی و حفاظتی امور پر بریفنگ لی اور کہا کہ انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر محرم انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں اور کسی جگہ نرمی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے سکیورٹی اقدامات کو چوکس رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ محرم الحرام جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کو باریک بینی سے باربار چیک کریں۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سے گہرا رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔پاک آرمی کے آفیسر نے کہا کہ امن وامان کا قیام ترجیح ہے اس ضمن میں سول انتظامیہ کی ہر ممکن معاونت جاری رہے گی۔




