ڈویژن میں 500مستحقین کی شادیوں کا اہتمام کیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کے مطابق ”دھی رانی پروگرام” کے چوتھے مرحلے میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 500مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے لیے تقریبات دسمبر 2026 میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ضروری انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تقریبات کو منظم اور باوقار انداز میں منعقد کیا جا سکے۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند نے وزیر اعلی پنجاب دھی رانی پروگرام کے چوتھے مرحلے کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق نے پروگرام کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں، ان کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار، اہلیت کے مقررہ معیار اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا گیا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں اگلے مرحلوں میں مجموعی طور پر پانچ ہزار مستحق بیٹیوں کی شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس پروگرام کے پہلے تین مراحل کے دوران پنجاب بھر میں منعقدہ پروقار تقریبات میں تین ہزار مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کروائی جا چکی ہیں۔ پروگرام کے چوتھے مرحلے کے لیے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سے اب تک مجموعی طور پر 1,607 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ تحصیل ویریفکیشن کمیٹیوں کی جانچ پڑتال کے بعد ان میں سے 604 مستحق بیٹیوں کی اہلیت کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق درخواستوں کی حتمی جانچ پڑتال پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ذریعے کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں