ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سرگودھا کا نہری پانی چوری روکنے کیلئے رات گئے فیلڈ آپریشن

سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم نے نہری پانی چوری اور غیر قانونی طور پر پانی کا از خود رخ موڑنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے رات گئے تحصیل کوٹ مومن کے علاقے گلہ پور سمیت مختلف دیہات کا مشترکہ دورہ کیا۔ تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے فیلڈ آپریشن کے دوران بھاری پولیس نفری اور انہار سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کارروائی کے دوران نہری پانی چوری میں ملوث ایک شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مختلف مقامات پر پہنچ کر نہری پانی کی تقسیم، غیر قانونی کٹاؤ اور پانی کا از خود رخ تبدیل کرنے کے ممکنہ ذرائع کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کے ہمراہ سرچ آپریشن کی نگرانی کی۔ دونوں افسران نے واضح کیا کہ نہری پانی کی چوری کسانوں کے حقوق پر ڈاکا ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ نہری پانی چوری کرنے اور غیر قانونی طور پر پانی کا رخ موڑنے والوں کیخلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔کسی کو بھی اپنے ذاتی مفاد کے لیے دوسرے کا حق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے کہا کہ نہری پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نہری پانی کی تقسیم کی مسلسل نگرانی کی جائے، پانی چوری کی نشاندہی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ٹیل تک پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ہر کاشتکار کو اس کے حصے کا پانی مل سکے۔
انہوں نے تمام کھالی جات کی جیو ٹیگنگ کروانے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں