فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میڈیا لٹریسی اِن ڈیجیٹل ایج اویئرنس، ایتھکس اینڈ ایکشن کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد نوجوان نسل کو میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی غلط معلومات، فیک نیوز، اور ڈیجیٹل دھوکہ دہی سے بچا کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین ویبینار میں خصوصی طور پر شامل ہوئیں اور کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں جھوٹی خبریں نہ صرف افراد بلکہ اداروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایک جعلی اکائونٹ کے ذریعے کسی اہم شخصیت کی شناخت چرا کر طلبہ کو گمراہ کرنا، اسکالرشپس کا جھانسہ دینا اور نجی معلومات مانگنا جیسے اقدامات عام ہو چکے ہیں، جس سے ہوشیاری اور آگاہی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ویبینار کی مہمان مقررپروفیسر ڈاکٹر سویرا شامی، چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف ڈیجیٹل میڈیا ان سکول آف کمیونیکیشنز یونیورسٹی آف پنجاب لاہور تھیں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لٹریسی کا مقصد نہ صرف ٹیکنیکل اسکلز سیکھنا ہے بلکہ فیک نیوز، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن سے خود کو محفوظ رکھنا بھی۔ انہوں نے کہا کہ معلومات کو شیئر کرنے سے قبل ان کا جائزہ لینا، تصدیق کرنا اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایجنڈا سیٹنگ، نیوز فریمینگ اور فیک نیوز جیسے تصورات پر تفصیل سے بات کی۔




