فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود غلام محمد آباد پولیس شہری کے قاتلوں کو گرفتار نہ کر سکی’ ملزمان کی جانب سے مقتول کے لواحقین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں’ لواحقین کا آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے قاتلوں اعجاز احمد وغیرہ کو جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ڈوگر چوک غلام محمد آباد کی رہائشی صدیقہ مہناز زوجہ مہران نے بتایا کہ اس کے بھائی غفار سلطان کی اہلیہ اقراء بی بی کا چار سال قبل انتقال ہو گیا، اس کے بطن سے نور فاطمہ جو ایک سال کی تھی جس کی پرورش دادا نذیر احمد اور دادی کرتے رہے۔ بچی کا والد اس وقت میانوالی میں ملازمت کرتا تھا اور 13نومبر 2025ء کو ملزمان اعجاز احمد’ اسکی اہلیہ سائرہ اور والدہ شبانہ بی بی ڈوگر چوک گھر آئے اور بچی نور فاطمہ کو چھیننے کی کوشش کی تو ان کے والد کو زدوکوب کیا اور تشدد کے دوران مدعیہ کا والد زندگی کی بازی ہار گیا جس پر غلام محمد آباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم مبینہ طور پر قاتلوں سے سازباز کر کے گرفتار کرنے سے گریزاں ہے۔ جس پر ملزمان کی طرف سے ان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور پولیس بھی صلح کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ مدعیہ صدیقہ مہناز نے آر پی او’ سی پی او اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ قاتلوں کو جلدازجلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔




