سرگودھا(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے واسا، ستھرا پنجاب اور لوکل گورنمنٹ ادارے صفائی ستھرائی، سیوریج اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق مقررہ کے پی آئیز پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ شہری مسائل اور عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی نگرانی کریں۔اس امر کا اظہار انہوں نے واسا، ستھرا پنجاب اور لوکل گورنمنٹ اداروں کے کے پی آئیز کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یونین کونسل سیکرٹریز روزانہ کی بنیاد پر آوارہ کتوں کی تلفی کے عمل کی مانیٹرنگ کریں اور اس حوالے سے تحصیل سطح پر روزانہ رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے سے کتے کے کاٹنے کا واقعہ رپورٹ ہونے کی صورت میں متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ شہر میں ڈیسلٹنگ کے عمل کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 466 کلومیٹر لائنوں کی ڈیسلٹنگ کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں سے سو کلومیٹر سے زائد ڈیسلٹنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ باقی کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو ہدایت کی کہ گاؤں اور دیہی علاقوں میں چوٹی نالیوں اور دیگر مقامات کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ گھروں کے اندر موجود گندے پانی کے جوہڑوں اور دیگر ایسے مقامات جہاں صفائی کی ضرورت ہو، ان کی صفائی اور کورنگ کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو مزید ہدایت کی کہ گھروں سے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور جن گھروں سے باقاعدگی سے کوڑا اٹھایا جا رہا ہے، ان کے باہر نمایاں اسٹیکرز لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو معلوم ہو کہ متعلقہ گھر سے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔




