فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رحیم یار خان کا کاشتکار سمندری روڈ کے تاجر سے ڈیڑھ کروڑ کے زرعی آلات لے اُڑا’ رقم کا مطالبہ کرنے پر لیت ولعل کے بعد چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ تفصیل کے مطابق سمندری روڈ زرعی آلات تیار کرنے والے تاجر علی عمران نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ 10اکتوبر کو رحیم یار خان کا کاشتکار ظفر اقبال ولد اعظم اس کے پاس آیا اور چکنی چپڑی باتیں سنا کر ڈیڑھ کروڑ مالیت کے زرعی آلات خریدے، رقم کے بدلے میں چیک دیا جو کہ مقررہ تاریخ کو اکائونٹ میں رقم نہ ہونے پر کیش نہ ہو سکا۔ بعدازاں مذکورہ کاشتکار سے رابطہ کیا تو وہ لیت ولعل سے کام لیتے ہوئے رقم دینے سے انکاری ہو گیا، پولیس نے جعلی چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش کی شروع کر دی ہے۔




