فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زبیر نبی نے اپنے خاکوں کے ذریعے فیصل آباد شہر کی ایک دستاویز تیار کر دی ہے جس میں مختلف واقعات کے بیان اور منظر نگاری سے فیصل آباد شہر کی ایک تاریخ مرتب کر دی گئی ہے جو بلاشبہ اپنے پڑھنے والوں کو فیصل آباد شہر کی تاریخی حیثیت اور شخصیت نگاری کے متاثر کن اسلوب کے حصار میں لے لیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نامور شاعر اور ادیب ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید نے فیصل آباد پریس کلب کی ارٹ اینڈ کلچر کمیٹی کے زیر اہتمام نامور سفرنامہ نگار اور خاکہ نگار زبیر نبی ایڈوکیٹ کی کتابوں “سفر شناس” اور “یادوں کی آغوش” کی تقریب رونمائی میں صدارتی کلمات ادا کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ “یادوں کی آغوش” میں بہت ساری ایسی شخصیات کا ذکر ہے جن کے بارے میں جاننے کی ہر خاص و عام خواہش رکھتا ہے۔ ڈاکٹر ریاض مجید نے “سفر شناس” کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفرنامہ اپنی تکنیک اور اپنے انداز بیان کے حوالے سے ایک منفرد سفرنامہ ہے جس میں شامل تینوں سفرنامے پڑھنے کے لائق ہیں۔ صاحب کتب زبیر نبی ایڈوکیٹ نے “یادوں کی آغوش” کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب میری کتاب “سفر شناس” مکمل ہوئی تو میرے اندر خواہش پیدا ہوئی کہ میں ان احباب کے بارے میں بھی ضرور لکھوں جن کا میری زندگی میں اہم کردار رہا ہے۔ اللہ تعالی نے مجھ پر کرم کیا اور مجھے یہ توفیق عطا کی کہ میں ان احباب کے بارے میں اور ان مشاہیر کے بارے میں کچھ کہہ سکوں جو میری زندگی میں ایک سرمائے کی حیثیت رکھتے ہیں۔




