کراچی (بیوروچیف) وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت کراچی پورٹ 138سال سے پاکستان کی بحری تجارت میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔گزشتہ مالی سال کراچی پورٹ نے اپنی تاریخ میں سب سے زیادہ کارگو اور کنٹینرز ہینڈل کیے، کراچی پورٹ کی کارگو ہینڈلنگ 53ملین ٹن سے بڑھ کر 55.8 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ریکارڈ کارگو کے ساتھ کراچی پورٹ پر گزشتہ مالی سال2ہزار 115 بحری جہازوں کی آمدورفت بھی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی سطح پر شپنگ روٹس متاثر ہوئے تو کراچی پورٹ کے لیے ٹرانس شپمنٹ کے نئے تجارتی مواقع پیدا ہوئے۔خلیجی تنازع کے دوران کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا اور بحران کو تجارتی موقع میں تبدیل کیا گیا۔پاکستان کے تقریباً 60فیصد کارگو کا انحصار کراچی پورٹ سے منسلک تجارتی نظام پر ہے جو بندرگاہ کی قومی اہمیت واضح کرتا ہے۔میری ٹائم ٹاسک فورس کے اقدامات اور عالمی کسٹمز ٹرانزٹ نظام سے وسطی ایشیا سمیت دیگر ممالک تک پاکستانی کارگو کی ترسیل مزید آسان ہو رہی ہے۔ بہتر بندرگاہی کارکردگی، ٹرانس شپمنٹ اور علاقائی رابطوں میں بہتری پاکستان کو خطے کے اہم تجارتی اور لاجسٹکس مرکز بن گیا ہے۔




