فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر خاتون نے خودکشی کر لی’ جڑانوالہ روڈ پر کنٹینر بجلی کے ٹرانسفارمر سے ٹکرانے سے ڈرائیور جاں بحق’ کھیتوں سے نوجوان کی نعش برآمد’ قاتلانہ حملوں میں خاتون سمیت 3افراد لہولہان’ چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 6شہریوں سے پونے دو کروڑ ہتھیا لئے’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سمندری روڈ کی رہائشی رقیہ بی بی زوجہ الیاس کا گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں’ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ پر 209 رب کے قریب ڈرائیور عامر حیات کنٹینر کو بیک کر رہا تھا کہ کنٹینر بجلی کے ٹرانسفارمر سے ٹکرا گیا اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے ڈرائیور عامر حیات ولد عمر حیات سکنہ 494 ج ب تحصیل شورکوٹ اور کنڈیکٹر محمد یونس ولد عبدالرزاق سکنہ 493 ج ب کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا جبکہ زخمی کنڈیکٹر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ماموں کانجن کے علاقہ برکت گارڈن کے قریب نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی جو کہ چند روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ہسپتال منتقل کر دی جبکہ چک جھمرہ کے علاقہ 188 رب میں ملزم رفیق نے گھریلو جھگڑے کی بناء پر خاتون ملکہ رانی کو بری طرح زخمی کر دیا۔ 226ر۔ب میں عداوت کی بناء پر مشتعل افراد نے رضوان کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا ، مرید والا کے علاقہ 206گ ب میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان عدنان وغیرہ نے چھریوں کے وار کر کے اشفاق کو لہولہان کر دیا، مضروبان کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزمان فرار ہو گئے، علاوہ ازیں فیکٹری ایریا ٹاٹا بازار کے تاجر سلمان نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم معظم نے 62لاکھ کا کپڑا لیکر بدلے میں چیک دیئے جو جعلی نکلے، منصور آباد کے علاقہ کینال روڈ کے عبدالخالق سے ملزم نوید نے ساڑھے 32لاکھ ،پیپلز کالونی کی ہما شیخ سے ملزم حماد نے 23لاکھ20ہزار، سول لائن کے خرم رضا کا کہنا ہے کہ ملزم جمال نے30لاکھ ، ستیانہ روڈ کے بختیار سے ملزم افضل نے10لاکھ اور ڈجکوٹ روڈ کے عزیز احمد سے ملزم عامر حفیظ نے15لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی، رقوم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔




