ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کو براہِ راست شنوائی اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک، ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد محمد خالد مسعود فروکہ نے شہریوں کے مسائل، شکایا ت اور درخواستیں سنیں۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 37درخواستیں پیش کی گئیں، جن میں ریونیو سے متعلق 26درخواستیں شامل تھیں۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ریونیو سے متعلق درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری طور پر رپورٹس پیش کرنے اور سائلین کے مسائل قانون و میرٹ کے مطابق حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر شہریوں نے مختلف محکموں سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات افسران کے سامنے پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی اور مسائل کے بروقت ازالے کی ہدایات دیں۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو براہِ راست شنوائی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔
،ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، شہری کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کے لیے دفتر تشریف لا سکتے ہیں۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل آباد محمد خالد مسعود فروکہ نے کہا کہ کرپشن سے متعلق شہریوں کی شکایات کو قانون کے مطابق میرٹ پر نمٹایا جائے گا، اینٹی کرپشن کا ادارہ کرپشن کے خاتمے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائی یقینی بنا رہا ہے، کھلی کچہری میں موصول ہونے والی کرپشن سے متعلق درخواستوں پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ پولیس کی اولین ترجیح ہے، کھلی کچہری میں پولیس سے متعلق شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا گیا اور متعلقہ پولیس افسران کو قانون کے مطابق مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام ضلعی افسران بھی موجود تھے۔




