گجرات (سپورٹس نیوز) گجرات میں کرکٹ میچ کے دوران اوور نہ دینے پر جھگڑے کے دوران نوجوان کھلاڑی نے فائرنگ کرکے ساتھی کھلاڑی کو قتل کردیا ہے، واقعے میں مقتول کا بھائی اور ماموں بھی زخمی ہوا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم غلام غوث کو گرفتار کرلیا۔گجرات کے گائوں مہسم میں کرکٹ میچ کے دوران تنازع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اوور نہ دینے پر جھگڑا شدت اختیار کرگیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان قتل ہوگیا۔مہسم کرکٹ گرائونڈ میں میچ کے دوران ملزم غلام غوث نے اوور مانگا تاہم اوور نہ ملنے پر ملزم جھگڑا کرنے لگا اور پھر گرائونڈ سے نکل کر گھر گیا اور اسلحہ لے کر واپس آیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے فاخر اقبال زندگی کی بازی ہار گیا۔




