فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ کچی آبادیوں سمیت ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں سیوریج کے گٹروں کی ذمہ دارانہ سرویلنس جاری رکھی جائے اس ضمن میں بلڈنگ انسپکٹرز اپنے دائرہ کار کے علاقوں کی گلی، محلوں، بازاروں اور دیگر راستوں پر سیوریج کے گٹروں کا مکمل سروے کے تحت ریکارڈ مرتب کرکے ان کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی جگہ گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کی فوری نشاندہی کریں تاکہ میونسپل کارپوریشن، واسا یا دیگر اداروں کے اشتراک عمل سے گٹروں و راستوں میں موجود و دیگر نوعیت کے خطرناک گڑوں کو بلاتاخیر محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ سٹاف سے کہا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کی رہائشی کالونیوں، کمرشل مارکیٹس اور کچی آبادیوں میں سیوریج کے گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی اور سٹریٹ لائٹس چالو حالت میں ہونے کے بارے میں تصدیقی سرٹیفکیٹ فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسپکشن کا عمل تسلسل سے جاری رہنا چاہیئے تاکہ بغیر ڈھکن کے گٹر کی وجہ سے کسی حادثے کا احتمال نہ رہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس اہم ٹاسک میں ذرا بھی کوتاہی، لاپروائی یا عدم توجہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، خدانخواستہ کسی حادثہ کی صورت میں متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر قصور وار ہوگا۔




