فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنما اوراین اے 101سے سابق ٹکٹ ہولڈر میاں عرفان منان نے کہاہے کہ27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کاوہ سیاہ دن ہے، جب 1947 میں بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں جسکے بعد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو طو یل عرصے سے مشکلات، مصائب اور جدوجہد کا سامنا ہے۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی عوام یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حقِ خودارادیت دلانے کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ان کاکہنا تھاکہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن و استحکام سے جڑا ہوا ایک اہم مسئلہ ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی آواز کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے سنا جانا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں اور کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ یومِ سیاہ منانے کا مقصد صرف ایک تاریخی واقعے کو یاد کرنا نہیں، بلکہ دنیا کو یہ پیغام دینا بھی ہے کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور ان کی امنگوں کو نظرانداز کر کے خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا۔مسئلہ کشمیر کا ایسا پرامن حل ناگزیر ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہو۔




