کمشنر سرگودھا شوکت علی چارج سنبھالتے ہی فیلڈ میں متحرک

سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن شوکت علی نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالنے کے فوراً بعد فیلڈ میں آ کر کام کا آغاز کر دیا۔دفتر آمد پر افسران اور عملے سے تعارفی ملاقا ت کی گئی، جس کے بعد کمشنر نے بغیر کسی تاخیر کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرگودھا کے لیے جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر شوکت علی کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم بھی موجود تھے۔ کمشنر نے سب سے پہلے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ہسپتال کی عمارت کا تعمیراتی کام مکمل جبکہ فنشنگ کا مرحلہ بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ انتظامیہ نے آگاہ کیا کہ ایمرجنسی اور او پی ڈی کو 31 جنوری تک باقاعدہ طور پر فعال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ فی الوقت عارضی بنیادوں پر او پی ڈی شروع کی جا چکی ہے، جہاں روزانہ 80 سے سو مریضوں کا معائنہ ماہر کارڈیالوجسٹس کر رہے ہیں اور مریضوں کو ادویات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک تقریباً 10 ہزار مریض اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ کمشنر نے او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کے علاج، بیماریوں کی نوعیت، تشخیصی سہولیات اور فراہم کی جانے والی ادویات کی تفصیلات بھی طلب کیں۔ اس موقع پر آئی ڈیپ کے انجینئرز نے منصوبے کی تکنیکی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ہسپتال میں مختلف آسامیوں پر ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں