کمشنر کا نشیبی علاقوں کا دورہ،بارشی پانی کی فوری نکاسی کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد میں بارش کی پیش گوئی پرمیدان میں آگئی۔کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے شہر بھر کے نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔وہ شیخوپورہ روڈ پر میثاق المال کے بالمقابل پونڈنگ پوائنٹ پرگئے اور واسا کے انتظامات چیک کئے۔انہوں نے مشینری کے متعین ہونے کو چیک کیا اور کہا کہ بارش کی صورت میں پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ واسا کے ساتھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی،ہارٹیکلچر ایجنسی، میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر معاون اداروں کے آفیسر اور سٹاف فیلڈ میں موجود ہونگے۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں مون سون سیزن کے دوران انتظامات کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزاوراسسٹنٹ کمشنرز بھی فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔کمشنر فیصل آباد نے کریسنٹ سپورٹس گرائونڈ میں زیر تعمیر سٹوریج واٹر ٹینک کا دورہ کیا۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سٹوریج واٹر ٹینک سے شیخوپورہ روڈ و دیگر ملحقہ آبادیوں سے پانی کی تیز رفتار نکاسی ممکن ہوگی۔انہوں نے ٹاٹا بازار لال ملز چوک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اہل علاقہ سے گفتگو کرکے مون سون سیزن کے دوران انتظامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے سمندری روڈ پر واسا مون سون آگاہی کیمپ کا دورہ کیا اور ضروری سامان کی موجودگی سمیت جنریٹر کے فعال ہونے کو چیک کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کیا اور بتایا کہ سیف سٹی کے کیمروں سے بارش کے دوران شہر کے نشیبی علاقوں میں ٹیموں کی موجودگی اور پانی کی نکاسی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی ٹیک کیمروں سے پانی کی نکاسی کے وقت کا تعین کیا جائے گا۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے مانیٹرنگ کا مقصد کمزوریوں و خامیوں کی نشاندہی کرکے مزید مربوط انتظامات یقینی بنانا ہے۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں