فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کی تاریخی و تجارتی اہمیت کے حامل علاقوں کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں گھنٹہ گھر اور ملحقہ آٹھ بازاروں کی بیوٹیفکیشن کا کام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور کچہری بازار میں ترقیاتی کام تقریباً80فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ کچہری بازار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے معیاری گرین بیلٹس، دیدہ زیب ٹف ٹائلز، جاذب نظر لائٹنگ اور دکانوں کے یکساں ڈیزائن کے ذریعے ایک منفرد اور دلکش شکل دی جا رہی ہے۔ بازار اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد ہی شہریوں کے لئے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ فیصل آباد اس منصوبے کو ایک ماڈل کے طور پر مکمل کرنے کے لئے دن رات سرگرم عمل ہے تاکہ کچہری بازار کو پنجاب کا ایک منفرد اور نمایاں بازار بنایا جا سکے۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ بازار نہ صرف خریداروں کے لئے پرکشش ہوگا بلکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔کچہری بازار، گھنٹہ گھر کے گرد قائم آٹھ تاریخی بازاروں میں اپنی نوعیت کا پہلا بازار ہے جسے جدید طرز پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔اس کامیاب ماڈل کے بعد اگلے مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن کا آغاز کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں دیگر پانچ بازاروں کو بھی اسی طرز پر خوبصورتی کے شاہکار میں تبدیل کیا جائے گا۔




