لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت گاڑی شوروم سے نکلنے سے قبل ہی رجسٹرڈ کی جائے گی، ایکسائز حکام کے مطابق اس مقصد کے لیے پنجاب بھر کے تمام ڈیلرز کو ڈیلر وہیکلز رجسٹریشن سسٹم کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایکسائز حکام نے سروس چارجز میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے، نئی تجویز کے مطابق موٹر سائیکل کے سروس چارجز 500روپے سے بڑھا کر 1000روپے جبکہ گاڑیوں کے سروس چارجز 2000روپے سے بڑھا کر 4000روپے کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق پنجاب کی تمام موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز کو ڈیلرز کی رجسٹریشن کے لیے فہرستیں فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ موٹر رجسٹریشن اتھارٹیز (MREs)کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیلرز سے رابطہ کرکے انہیں رجسٹریشن کے عمل میں شامل ہونے کی دعوت دیں۔ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ ڈی وی آر ایس کے لائسنس کے اجرا کو آسا ن بنانے اور فیس میں کمی کیلئے سمری حکومت کو بھجوا دی گئی ہے، اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ 11سال سے صرف 102ڈی وی آر ایس لائسنس یافتہ موجود ہیں، جن میں 96 ڈیلرز کو موٹر سائیکلوں جبکہ 6 ڈیلرز کو کاروں کی رجسٹریشن کا اختیار حاصل ہے۔ دوسری جانب کار ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہر شوروم کو لائسنس جاری کرنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور نئے نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔




