گرانفروشی پر 1لاکھ18ہزار سے زائد جرمانے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ماہم آصف ملک کی زیر صدار ت پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرائس کنٹرول اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 12ہزار 883انسپکشنز مکمل کیں، جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر مختلف دکانداروں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 18ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2ہزار 612 انسپکشنز کی گئیں۔، جبکہ روٹی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ انسپیکشنز اور جرمانوں کے اثرات فیلڈ میں واضح طور پر نظر آنے چاہئیں اور عوام کو عملی طور پر ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موثر مانیٹرنگ کے ذریعے عام شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اولین ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور مجسٹریٹس صرف ایک ہی مارکیٹ تک محدود رہنے کے بجائے دور دراز علاقوں اور مختلف بازاروں میں بھی باقاعدگی سے انسپکشن کریں تاکہ ضلع بھر میں قیمتوں پر یکساں کنٹرول برقرار رہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں