گرانفروشی پر451دکاندار گرفتار اور9لاکھ سے زائد کے جرمانے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر رمضان المبارک سے قبل گراں فروشی کے خاتمے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی او انڈسٹری نے رواں ماہ تک کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فروری کے دوران اب تک 1,81,345 انسپیکشنز کی گئی ہیں، جبکہ 4,491خلاف ورزیوں پر 9,85,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں، 451 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ رمضان سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جائے۔ اجلاس میں شریک افسران نے عزم کیا کہ گراں فروشی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو معیاری اشیاء مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں