اسلام آباد(بیورو چیف)قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے تحت سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) نے ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ہیٹ،سن اسٹروک سے بچاؤ اور اس کے مؤثر علاج کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید گرمی کی لہروں کا سامنا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں گرمی سے متعلق بیماریوں اور اموات کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا کہ ہیٹ اسٹروک ایک جان لیوا طبی ایمرجنسی ہے جس میں جسم کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے اور فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں مستقل معذوری یا موت واقع ہو سکتی ہے۔ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی علامات میں شدید پسینہ آنا یا پسینہ بند ہو جانا، جلد کا گرم اور سرخ ہو جانا، شدید سر درد، کمزوری، چکر آنا، ذہنی الجھن، بے ربط گفتگو اور جسمانی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ شامل ہیں۔




