گوادر پورٹ پر اہم آپریشنل سنگ میل عبور

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوارچوہدری نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ نے 53 ہزار میٹرک ٹن سے زائد کارگو بردار بڑے بحری جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ کے ذریعے ایک اہم آپریشنل سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جو بندرگاہ کی علاقائی ٹرانس شپمنٹ ہب کے طور پر بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے۔اتوار کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہانگ کانگ/ چین سے آنے والے بحری جہاز ”ایم وی بی آئی جیا شان” کو 24 مئی 2026 کو گوادر پورٹ پر بحفاظت برتھ کیا گیا،جہاز کے کپتان لی ہان تھے جبکہ یہ جہاز تقریباً 53 ہزار 277.42 میٹرک ٹن پرائم اسٹیل بلیٹس، جن کی تعداد تقریباً 20 ہزار 669 تھی، لے کر گوادر پہنچا۔وزیر بحری امور کے مطابق اس آپریشن کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ جہاز کا ڈرافٹ تقریباً 12.8 میٹر تھا، جس سے گوادر پورٹ کے گہرے سمندری نیوی گیشن چینل اور جدید کارگو ہینڈلنگ انفرااسٹرکچر کی مؤثر صلاحیت ثابت ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ جہاز چین کی بایوچوان پورٹ سے روانہ ہوا تھا اور ابتدائی طور پر اسے عمان کی صحار پورٹ پہنچنا تھاتاہم ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کے لیے اس کا رخ گوادر کی جانب موڑ دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اسے بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کے گوادر پورٹ کی اسٹریٹجک اہمیت اور آپریشنل استعداد پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بڑے بحری جہازوں کی کامیاب ہینڈلنگ سے گوادر پورٹ کا کردار چین، مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا اور دیگر علاقائی منڈیوں کے درمیان بحری تجارتی روابط کے فروغ میں مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گہرے سمندر کے جہازوں کی مسلسل آمد اور ان کی مؤثر ہینڈلنگ گوادر کی بڑھتی ہوئی بحری صلاحیت اور عالمی سپلائی چین میں ایک جدید ڈیپ سی پورٹ کے طور پر اس کی مسابقتی حیثیت کو اجاگر کرتی ہے۔بیان کے مطابق وزارت بحری امور اور گوادر پورٹ حکام محفوظ، مؤثر اور کم لاگت بندرگاہی آپریشنز کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے علاقائی رابطہ کاری اور بین الاقوامی تجارتی راستوں میں کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پْرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں