کمالیہ(نامہ نگار)کالج کی دیوار کے ساتھ سیوریج کا پانی جمع، دیوار گرنے کا خدشہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی جی سی ٹی کمالیہ کے نواحی علاقے 711گ ب میں کالج کی دیوار کے ساتھ کئی روز سے سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے کے باعث دیوار کو نقصان پہنچنے اور گرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔مقامی علاقہ مکینوں کے مطابق مسلسل کھڑے گندے پانی کی وجہ سے دیوار کی بنیادیں متاثر ہو رہی ہیں، جس سے نہ صرف کالج کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سیکیورٹی کے مسائل بھی جنم لے سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو دیوار کسی بھی وقت گر سکتی ہے ، جس سے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ بھی موجود ہے ۔علاقہ مکینوں اور کالج انتظامیہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جمع شدہ سیوریج کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار اس مسئلے کی نشاندہی متعلقہ انتظامیہ کو کر چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی مثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔علاقہ مکینوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور عوام کے مفاد میں فوری نوٹس لیتے ہوئے سیوریج کے مسئلے کو حل کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثے اور سیکیورٹی خدشات سے بچا جا سکے ۔




