فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ النور گارڈن سے نامعلوم ملزمان نے کار سوار شہری کو اغواء کر کے 3کروڑ تاوان کا مطالبہ کر دیا’ پولیس نے مغوی کی اہلیہ کی درخواست پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا’ تاہم پولیس نے مغوی کی بازیابی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق النور گارڈن کی رہائشی ماریہ قطبیہ نے بتایا کہ 9 اگست کو اس کا خاوند عمر زبیر دوپہر 2 بجے ہنڈا سکوک گاڑی نمبری AZN-332 پر کھرڑیانوالہ جانے کیلئے گھر سے نکلا’ شام تک گھر واپس نہ آیا اور رابطہ کرنے پر اس کا موبائل فون بھی بند جا رہا تھا۔ گاڑی میں 7 لاکھ روپے’ چار موبائل فونز’ 5تولے زیورات’ اور جائیداد کے کاغذات بھی موجود تھے۔ خاوند سے رابطہ نہ ہونے پر رشتہ داروں اور اس کے دوستوں سے بھی پوچھا، لیکن کچھ پتہ نہ چلا۔ تاہم 10 اگست کو خاوند کے واٹس ایپ سے اسکو مسیج آیا کہ گٹ والا سے عمر زبیر کو اغواء کر کے نامعلوم مقام پر لے آئے ہیں اور انہوں نے 3کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور رقم تاوان ادا نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ جس پر پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مغوی کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




