ہائیر سیکنڈری سکول سرشمیر میں بنیادی سہولیات کا فقدان،ناقص نتائج،داخلوں میں نمایاں کمی

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول 84سر شمیر میں بنیادی سہولیات کے فقدان، خستہ حال عمارت اور ناقص تعلیمی نتائج کے باعث طلبہ کے داخلوں میں نمایاں کمی، سکول کی حالت زار پر سکول کونسل ممبران اور اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول 84سر شمیر کی سکول کونسل کے ممبرا ن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری کو دی گئی درخواست میں سکول کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سکول میں خواتین اساتذہ اور پرائمری سیکشن کی طالبات کے لیے واش رومز موجود نہیں جبکہ طلبہ کے لیے بنائے گئے واش رومز بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔سکول میں بچوں کے لیے پینے کے پانی کا مناسب انتظام بھی موجود نہیں جبکہ مڈل سیکشن کی عمارت طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث انتہائی خستہ حال ہو چکی ہے عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔سکول کونسل ممبران کا کہنا ہے کہ ہائی سیکشن کے طلبہ کے لیے مناسب فرنیچر بھی دستیاب نہیں، جس کے باعث متعدد بچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔اساتذہ کو تدریسی ضروریات کے لیے بورڈ مارکر تک دستیاب نہیں جس سے تدریسی عمل متاثر ہو رہا ہے۔ سکول کونسل ممبران کے مطابق تعلیمی سال 2025-26 میں نویں جماعت کا نتیجہ صرف 15 فیصد رہا، جبکہ 2024-25 میں یہی نتیجہ 44 فیصد تھا، جس کے باعث والدین اور اہل علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے اور سکول میں نئے داخلوں کی صورتحال بھی انتہائی کم ہو گئی ہے۔سکول کونسل ممبران زاہد بٹ، شاہد اقبال، مختیار علی اور محمد سراج ڈوگر و دیگر کا کہنا ہے کہ ماضی میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول 84 سر شمیر کا شمار علاقے کے بہترین سرکاری تعلیمی اداروں میں ہوتا تھا، جہاں نہ صرف شاندار تعلیمی نتائج آتے تھے بلکہ طلبہ کو مناسب سہولیات بھی میسر تھیں، تاہم موجودہ صورتحال میں سکول بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ سے بھی طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور دستیاب وسائل کو استعمال کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم مبینہ طور پر انہیں بھی انکار کر دیا گیا۔ کونسل ممبران کا کہنا ہے کہ سکول کے NSB اکائونٹ میں مبینہ طور پر 15 سے 20 لاکھ روپے موجود ہیں، اس کے باوجود ضروری سہولیات کی عدم فراہمی سوالیہ نشان ہے۔سکول کونسل ممبران نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کا فوری معائنہ کر کے واش رومز، پینے کے صاف پانی، فرنیچر، عمارت کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں