ممبئی (سپورٹس نیوز) سابق بھارتی آل رائونڈر عرفان پٹھان نے رواں سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹری پینل میں شامل نہ کیے جانے کی وجہ بتا دی۔ریٹائرمنٹ کے بعد عرفان پٹھان بھارتی کمنٹری پینل کے ایک مستقل رکن رہے اور کھیل کی سب سے مشہور آوازوں میں سے ہیں۔ لیکن رواں سال وہ حیران کن طور پر آئی پی ایل میں کمنٹری کرتے نظر نہیں آئے۔جس پر بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ عرفان کو کمنٹری پینل سے باہر کیا گیا کیونکہ براڈکاسٹرز سابق بھارتی آل رانڈرز کی جانب سے ذاتی رنجشوں کو کمنٹری اور سوشل میڈیا پر لانے سے خوش نہیں تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عرفان پٹھان کا چند کھلاڑیوں کے ساتھ کچھ سال پہلے اختلاف ہوا تھا۔ تب سے وہ کمنٹری ہو یا سوشل میڈیا نام لیے بغیر ان کرکٹرز کا ذکرکرتے ہیں۔ عرفان پٹھان کا اس وقت تو اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تھا تاہم اب انہوں نے بھارتی ٹیم کے اس کھلاڑی کا نام بتا یا ہے جس کو تنقیدکا نشانہ بنانے پر انہیں رواں سال آئی پی ایل کے کمنٹری پینل سے باہر کردیا گیا تھا۔حال ہی میں بھارتی ڈیجیٹل میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عرفان پٹھان نے انکشاف کیا کہ بھارتی ٹیم کے آل رانڈر ہاردک پانڈیا وہ کھلاڑی تھے جن کے اعتراض کی وجہ سے انہیں کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔عرفان پٹھان نے بتایا کہ ہاردک پانڈیا نے کمنٹری کے دوران میرے تجزیے میں استعمال ہونے والے الفاظ پر شکایت کی تھی۔ عرفان نے کہا کہ اگر میں 14 میں سے 7 میچز میں تنقید کرتا ہوں تو یہ پھر بھی نرمی ہے۔




