لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کیلئے پر عزم ہے۔مریم نواز شریف نے عالمی یومِ تحفظِ صحت و سلامتی پر پیغام میں فیکٹریوں، کارخانوں اور دفاتر میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین کی جسمانی و ذہنی صحت کے تحفظ پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کی جگہوں پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تمام صنعتی و کاروباری ادارے سیفٹی آلات اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے صنعتی شعبوں کے مالکان پر زور دیا کہ وہ لیبرز کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مثر اقدامات کریں، پنجاب حکومت ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔رواں مالی سال کے دوران مزید 50 ہزار فیکٹری ورکرز کو راشن کارڈ جاری کیے جائیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ورک فورس ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کی صحت و سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔




