ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر نگرانی چھٹی کے روز بھی شہری سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی، انسدادِ سموگ اور سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ سرگرمیاں جاری رہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے مختلف شاہراہوں، پارکس اور سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ستھرا پنجاب پروگرام اور میونسپل اداروں کے تحت انسدادِ سموگ اقدامات کے سلسلے میں شاہراہوں کی مکینیکل سویپنگ اور پانی کے چھڑکا کا عمل جاری ہے۔ کینال روڈ پر لین مارکنگ، کرب اسٹونز کی پینٹنگ اور گرین بیلٹ میں گھاس بچھانے کے علاوہ جھنگ روڈ اور شورکوٹ روڈ پر پودوں کی آبیاری بھی کی گئی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد یاسین نے بھلیر میں سٹی پارک کا دورہ کیا اور صفائی، واش رومز، پانی کی دستیابی اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں صفائی، تزئین و آرائش، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، مریضوں سے فیڈ بیک اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرکے عملے کی حاضری، صفائی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر پیر محل محمد زاہد اقبال نے بھی ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرکے طبی سہولیات اور انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری صفائی، انسدادِ سموگ اقدامات، شاہراہوں و پارکس کی خوبصورتی اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بہتر شہری اور طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔




