لاہور(بیوروچیف)حکومتِ پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم ختم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔حکومت پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں یقین دہانی کروائی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم 4ہفتوں میں ختم ہوجائے گا,پرچی کے بغیر علاج، ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مریضوں کو فوری طبی توجہ ملے گی،سرکاری ہسپتالوں میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر راجہ ہاشم جاوید عدالت میں پیش ہوئے۔لاہور ہائیکورٹ میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نبیلہ عرفان نے یقین دہانی کروائی کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں پرچی سسٹم ختم ہوگا،مریضوں کو رجسٹریشن کاونٹرز پر لمبی قطاروں سے نجات ملے گی۔ہائیکورٹ نے حکم دیاکہ عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، ورنہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ نے چار ہفتوں میں پرچی سسٹم کے خاتمے پر عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی،2020 سے زیرِ سماعت درخواست پر کسی بھی فریق کی جانب سے تعمیلی رپورٹ جمع نہ کروانے پر ہائیکورٹ نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ عدم تعمیل پر ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے درخواست پر عدالت نے تمام محکموں سے جامع رپورٹس طلب کر لیں،سیکرٹری کے بجائے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ کے لیے مزید وقت مانگ لیاجس کے بعدہائیکورٹ نے کیس کی سماعت چھ ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔




