لاہو(بیورو چیف)ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.65فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 10.41فیصد کی سطح پر آگئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 30.55فیصد کمی ہوئی، جبکہ پیاز 9.17فیصد، ایل پی جی 6.46فیصد، پیٹرول 3.87فیصد، ڈیزل 2.46فیصد اور دال مونگ 0.54 فیصد سستی ہوئی۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی قیمت میں 8.84فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آلو 8.07فیصد، آٹا 4.42فیصد، مرغی 3.01فیصد، کیلے 1.74فیصد اور کپڑے جارجٹ کی قیمت میں 1.40 فیصد اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی 87.99فیصد، آٹا 44.20فیصد اور بجلی کے سہ ماہی ٹیرف میں 36.30فیصد اضافہ ہوا۔ ڈیزل 24.84فیصد، مرغی 24.35فیصد، پیاز 24.05فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں 27.13فیصد، چینی 26.24فیصد اور ٹماٹر 20.86 فیصد سستے ہوئے، جبکہ انڈوں کی قیمت میں 16.10فیصد، نمک 11.03فیصد اور دال مسور کی قیمت میں 6.90فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔




